• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am

اقوام متحدہ بھی ڈان گروپ کے پروگرام ’بریتھ پاکستان‘ کا حصہ بن گیا

شائع January 15, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے اور اگر پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نہیں نمٹا تو اسے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈان گروپ کی ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بریتھ پاکستان آگاہی مہم جاری ہے، اقوام متحدہ بھی اس مہم کا حصہ بن گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے پائیدار ترقی کے جو اہداف طے کیے ہیں ان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اہم نکات بھی شامل ہیں اور سال 2025 کے آغاز میں یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اپنے پیغام میں ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل ایمرجنسی کی بات کی تھی۔

ڈان گروپ کی بریتھ پاکستان مہم کے حوالے سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ یہ اقدام ’پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے ساتھ ساتھ حکومت، شہریوں اور اس کے عزم کو اجاگر کرے گا اور دنیا کو یہ یاد دلانے کا بھی ایک بہترین موقع ہوگا کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں میزبان ابصا کومل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے محمد یحییٰ کا کہنا تھا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ اس موضوع پر بات کرنے کے لیے یہاں موجود ہوں، پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا 2022 کے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور اس سے لاتعداد پاکستانی متاثر ہوئے جب کہ اقوام متحدہ نے انسانی امداد کے تحت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کرنے کے لیے تقریبا 80 کروڑ ڈالرز جمع کیے۔

اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر نے کہا کہ ہمیں ہر سال چھوٹی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جیسا کہ حال ہی میں ہم اسموگ کے مسئلے سے نبرد آزما تھے جب کہ ہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے نہ صرف پاکستان کی وفاق کی سطح پر مدد کررہے ہیں بلکہ صوبائی لیول پر بھی مدد فراہم کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دیکھنے کے لیے حال ہی میں چترال سمیت پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا، جہاں میں نے دیکھا کہ کس طرح مسلسل سیلاب آنے کے باعث کمیونیٹیز متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے اور اگر پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نہیں نمٹا تو اسے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، یہی وجہ ہے کہ ہمیں اس مسئلے پر ’ڈان‘ کے ساتھ تعاون کرنے میں بے حد خوشی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بھی اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے کیوں کہ ہم نے دیکھا کہ 2022 کے سیلاب میں پاکستان کو 30 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا تو اندازہ لگائیں کہ ٹیکس سے حاصل کیا گیا پیسہ سیلاب میں بہہ گیا۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔
1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 16 جنوری 2025
کارٹون : 15 جنوری 2025