پاکستان کا کمرشل اسپائی ویئر کی غیر محدود دستیابی، پھیلاؤ اور غلط استعمال پر اظہار تشویش
پاکستان نے کمرشل اسپائی ویئر اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کی غیر محدود دستیابی، پھیلاؤ اور غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر اسپیس کے غیر منظم فوجی استعمال، خفیہ معلوماتی کارروائیوں اور سافٹ ویئر و ہارڈ ویئر کی کمزوریوں کے استحصال نے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ سائبر اسپیس کا عسکری استعمال، جارحانہ سائبر صلاحیتوں کی ترقی اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے بے لگام فوجی استعمال نے عالمی سلامتی کے حوالے سے خدشات کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر اسپیس کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے عالمی قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی میں یہ پیش رفت بین الاقوامی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، ایسے نقصان دہ اقدامات ریاستوں کے ذمہ دارانہ رویے کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔
نائب مستقل مندوب نے کہا کہ ہم نے خود بھی ان ٹیکنالوجیز کے خطرات کا مشاہدہ کیا ہے، جب دشمن عناصر نے اسپائی ویئر ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے ہمارے شہریوں، عوامی شخصیات اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے نقصان دہ اقدامات نہ صرف ریاستوں کے ذمہ دارانہ رویے کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، بشمول طاقت کے غیر محدود استعمال، ریاست کی خودمختاری اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے بھی خلاف ہیں۔
سائبر اسپیس کے حوالے سے غیر پابند اصولوں کی محدودیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے قانونی طور پر پابند دستاویز کی تجویز دی جسے اقوام متحدہ کے جامع عمل کے ذریعے زیر غور لایا جائے اور اپنایا جائے۔
عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان، تمام رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ایک محفوظ اور مستحکم ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنایا جا سکے، جو پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سائبر عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکالمے اور تعاون کو ترجیح دیں۔