نیسلے، یونی لیور اور پی آئی اے پاکستان میں کام کیلئے بہترین ادارے قرار
2025 میں دنیا بھر میں کام کرنے کے لیے بہترین اداروں کی فہرست میں نیسلے، یونی لیور، اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو پاکستان کے خوش ترین اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ فہرست ورک ایل کی طرف سے مرتب کی گئی ہے، جو ملازمین کی سرگرمیوں اور کام پر ملازمین کی خوشی کی درجہ بندی کرتا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق بینک الفلاح، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، جامعہ کراچی، پاکستان اسٹیٹ آئل، آل ٹیک، ایچ بی ایل بینک، میزان بینک، پاکستان پیٹرولیم، جدید اینڈ فیکٹری ایکس بھی کام کے لیے بہترین اداروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
جن پاکستانی دفاتر نے خوشی کے حوالے سے مجموعی طور پر 95 فیصد نمبر حاصل کیے ان میں ٹائٹینک آفیشل، یونیک سائیکل انڈسٹری، زونگ، فضل پیپر ملز، انفینیٹی سافٹ ویئر، بیسٹ وے سیمنٹ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، موبی لنک، فلپ کمیونیکیشن، بینک آف پنجاب اور اٹک ریفائنری لمیٹڈ شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ڈی فیوژن ٹیکنالوجیز 100 فیصد ہیپی نیس اسکور کے ساتھ دنیا بھر میں پہلے، پویلین شاپنگ سینٹر دوسرے اور امریکا سے تعلق رکھنے والا ایوس بجٹ گروپ تیسرے نمبر پر ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد تنظیموں نے 2025 کے ایوارڈز کے لیے اندراج کیا ہے، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 10 لاکھ سے زائد ملازمین نے اپنے ادارے کی ایوارڈز میں شمولیت کے لیے ہیپی ایٹ ورک ٹیسٹ لیا۔
اس نامعلوم ٹیسٹ میں مختلف شعبوں کا جائزہ لیا گیا جن میں فلاح و بہبود، ملازمت پر اطمینان، انعام اور پہچان، معلومات کا تبادلہ، بااختیار بنانا اور فخر پیدا کرنا شامل ہیں، 70 اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے اداروں کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔