ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا
صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد سے پولیو کا ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں اس مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 71 تک جاپہنچی ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انسداد پولیو کے لیے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے تصدیق کی ہے کہ سندھ کے ضلع جیکب آباد سے ایک بچے میں پولیو مثبت آیا ہے، جس کا نمونہ 27 دسمبر 2024 کو لیا گیا تھا، اس طرح 2024 میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ (ون) کے 71 کیس رپورٹ ہوئے۔
بیان کے مطابق سندھ کے ضلع جیکب آباد سے 2024 میں 5 بچے اس مرض سے متاثر ہوئے، ملک بھر میں گزشتہ برس رپورٹ ہونے والے 71 کیسز میں سے 27 بلوچستان، 21 خیبرپختونخوا، 21 سندھ اور ایک ایک پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں برس کی پہلی انسداد پولیو مہم ملک بھر میں 3 فروری سے شروع ہوگی اور 9 فروری 2025 تک جاری رہے گی، والدین کے لیے یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ویکسین لگوائیں۔
پولیو مفلوج کرنے والی بیماری ہے، جس کا کوئی علاج نہیں، پولیو کے قطروں کی متعدد خوراکیں اور 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لیے معمول کے قطرے پلانے کے شیڈول کی تکمیل بچوں کو اس خوفناک بیماری کے خلاف اعلیٰ قوت مدافعت فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ادارہ صحت میں پولیو کے خاتمے کے لیے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے کراچی کے ضلع شرقی سے ایک بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد گزشتہ سال کے کیسز کی تعداد 70 ہوگئی تھی۔