زائد العمر اداکار کم عمر لڑکیوں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، فائزہ حسن، جویریہ سعود
سینیئر اداکاراؤں جویریہ سعود اور فائزہ حسن نے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے زائد العمر اداکار اپنی عمر اداکاراؤں کے بجائے کم عمر لڑکیوں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
فائزہ حسن اور جویریہ سعود نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ڈراموں میں اداکاروں کے درمیان عمر کے فرق پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں فائزہ حسن نے کہا کہ اداکاراؤں کے بجائے اداکار زیادہ عدم تحفظ کا شکار ہوتے ہیں، وہ اپنی حفاظت کی خاطر خود سے کم تجربہ کار اور کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے وہ اداکار جو 50 سال سے زائد العمر ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خود سے نصف عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کریں۔
ان کے مطابق ایسے اداکار اپنی ہم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں، اس لیے وہ ایسی اداکاراؤں کے ساتھ کام ہی نہیں کرتے۔
فائزہ حسن کا کہنا تھا کہ زائد العمر مرد اداکار اس لیے بھی کم عمر لڑکیوں کے ساتھ کام کرتے ہیں، کیوں کہ انہیں لگتا ہے کہ کم عمر اداکارائیں انہیں کھا نہیں جائیں گی اور ایسی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے وقت وہ خود کو بھی 30 سال کا سمجھنے لگے ہیں۔
ان کی بات کے دوران جویریہ سعود نے بھی انکشاف کیا کہ ان کی ہم عمر بعض اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر اداکار 18 سال کی عمر کی لڑکی کے ساتھ ہیرو آئیں۔
جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ شوبز کی بہت ساری خواتین جو کہ ان کی ہم عمر ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر 18 سال کی لڑکی کے ساتھ ہیرو کام کرے۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایسی خواتین کے شوہر ان سے بھی عمر میں چند سال بڑے ہوتے ہیں لیکن ایسی خواتین کی ہمیشہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کے شوہر 18 یا 20 سال کی لڑکی کے ساتھ ہیرو آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی خواتین کہتی رہتی ہیں کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے شوہر کسی بڑی عمر کی اداکارہ کے ساتھ ہیرو آئے۔