• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

والدہ نے اپنے ساتھ ڈکیتی ناکام بنانے کے بعد ڈاکوؤں کی مالی مدد کی، زویا ناصر

شائع January 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ زویا ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ نے ڈیڑھ دہائی قبل اپنے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ ناکام بنانے کے بعد گرفتار کیے گئے ڈاکوؤں کی مالی مدد کی تھی۔

زویا ناصر حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے اداکارہ نے ڈیڑھ دہائی قبل اپنی والدہ کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والے ڈکیتی کے واقعے کو ناکام بنانے کا دلچسپ قصہ بھی سنایا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

زویا ناصر نے بتایا کہ 15 یا 16 سال قبل ان کی والدہ کے ساتھ لاہور میں رات کے ڈھائی بجے ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جو کہ ان کی والدہ نے بہادری اور سمجھداری سے ناکام بنایا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب ڈاکوؤں نے ان کی والدہ کو کار سے اتار کر گاڑی چھیننے کی کوشش کی تو ان کی والدہ نے ڈاکوؤں کو کہا اتنی رات گئے، اگر وہ انہیں یہیں چھوڑ دیں گے تو وہ گم ہوجائیں گی، اس لیے انہیں ان کے گھر کے قریب چھوڑ دیں۔

ان کے مطابق ڈکیتی کے وقت ان کی والدہ فون پر بات کر رہی تھیں، جس کے بعد انہوں نے موبائل فون کو بند کیے بغیر ہی فون کو گاڑی کی سیٹ کے نیچے پھینک دیا اور ان کی تمام باتیں فون پر گھر والے سن رہے تھے۔

زویا ناصر کا کہنا تھا کہ اسی طرح والدہ کار میں بیٹھ کر ڈکیتوں سے باتیں کرنے لگیں اور علاقوں کے نام بھی لیتی گئیں تاکہ گھر والے علاقوں کے نام سن کر سمجھ جائیں کہ وہ کہاں ہیں۔

اداکارہ کے مطابق اسی طرح فون پر باتیں کرتے کرتے ان کی والدہ نے ڈکیتوں کو گرفتار کرواکر اپنے ساتھ ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی۔

زویا ناصر نے بتایا کہ ڈکیتوں کے گرفتار ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ تمام یونیورسٹی کے طالب علم تھے، جن میں سے کسی کے پاس فیس کے پیسے نہیں تھے، کسی کی بہن کی شادی تھی،کسی کے والد یا والدہ کو علاج کے لیے پیسوں کی ضرورت تھی، جس وجہ سے انہوں نے ڈکیتی کرنے کی کوشش کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈکیتوں سے متعلق معلومات ہونے کے بعد ان کی والدہ نے ڈکیتوں کو نہ صرف معاف کیا بلکہ سب کی مالی مدد بھی کی۔

ان کے مطابق ان کی والدہ نے کسی ڈکیت کی فیس کی ادائیگی کردی، کسی کی بہن کی شادی کے لیے ان کی معاونت کی اور باقیوں کی بھی اسی طرح مدد کی۔

زویا ناصر نے دعویٰ کیا کہ بعد ازاں جس ڈکیت کی بہن کی شادی کے لیے ان کی والدہ نے مدد کی، انہوں نے ان کے گھر اچار بھجوایا، جسے کھانے کے بعد سب اہل خانہ نے ڈکیت کے گھر کے اچار کی تعریفیں کیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی زویا ناصر اپنی والدہ کے اغوا سے متعلق انکشاف کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ ان کی والدہ ماضی میں موٹروے سے تین بار اغوا ہو چکی تھیں اور اغوا کار ان کی والدہ کو سنسان علاقے میں چھوڑ کر ان کی گاڑی لے جا چکے ہیں لیکن تینوں بار انہیں ان کی اغوا کی گئی گاڑی بھی ملی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025