پاکستان میں حکومت، اپوزیشن دونوں ہی امریکا کی طرف دیکھ رہی ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں جب کہ وہ انسانیت اور جمہوریت کا دشمن ہے۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اسلامی ممالک کے حکمرانوں، ڈکٹیٹروں اور بادشاہتوں کو سپورٹ کرتا ہے، بدلے میں ڈکٹیٹر امریکی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، پاکسان میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں جب کہ وہ انسانیت اور جمہوریت کا دشمن ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں جمہور کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسرِ نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 17 جنوری کو بجلی ٹیرف میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز ( آئی پی پیز) کے نام پر حکمرانوں نے ملک کو لوٹا ہے، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے آئی پی پیز پر دست شفقت رکھا۔