منڈی بہاالدین: پھالیہ میں گھر میں دھماکے سے چھت گرگئی، 6 افراد جاں بحق
صوبہ پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں آتش بازی کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے بتایا ہے کہ دھماکا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اس وقت ہوا جب 2 افراد گھر کی پہلی منزل پر آتش بازی کی تیاری کر رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ گھر میں آتش بازی کے سامان میں آگ لگنے سے ہوا، جس سے گھر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
تھانہ پہاڑیانوالی کے ایس ایچ او محمد اکرم ہنجان کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، 3 خواتین اور 2 بچیاں شامل ہیں، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں 4 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں جن میں پڑوس کی خواتین اور گھر کے باہر چلنے والے لوگ بھی تھے، تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
ایس ایچ او اکرم اور ریسکیو 1122 حکام کے مطابق آتش بازی کا سامان 12 سے 15 کلو گرام وزنی تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ملتان کے علاقے آغا پورہ میں گھر میں آتش بازی کے سامان میں دھماکے سے چھت گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق ہوئے تھے۔