وزیراطلاعات سندھ کا وفاق پر صوبے کی سڑکوں کو نظر انداز کرنے کا الزام
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وفاق پر سندھ کی سڑکوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کردیا۔
سندھ اسمبلی میں بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سے سکھر نیشنل ہائی وے خستہ حالی کا شکار ہے لیکن این ایچ اے ٹول ٹیکس لینے کے باوجود بھی اس کی مرمت کو تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی جو سڑکیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پاس ہیں، ان کی بری حالت ہے، وفاق ٹیکس لے لیکن سہولت تو دے، وفاق نے برسوں سے سڑکیں بنائی نہیں لیکن روز نئی ٹول قائم کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ روڈ صرف سندھ کے نہیں پورے پاکستان کے لوگ استعمال کرتے ہیں، وفاقی حکومت پر لازم ہے کہ حیدرآباد تا سکھر موٹر وے کے لیے پیسے مختص کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان میں اچھا کام کرتی ہے، سندھ میں ان کی نفری کیوں کم ہے؟