انٹرمیڈیٹ نتائج پر تنازع: چیئرمین انٹربورڈ کا انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج پر طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق چند روز قبل انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے تاریخ کے بدترین نتائج کا اعلان کیا گیا جس پر سندھ حکومت نے چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر امیر حسین قادری کو عہدے سے فارغ کرکے چیئرمین میٹرک بورڈ کو شرف علی شاہ اضافی چارج دے دیا۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے 3 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ سے میٹنگ کی، جس میں طلبہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کے اعتماد کوبحال کیا جاسکے، کمیٹی اس تمام معاملہ کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔
چیئرمین انٹربورڈ سید شرف علی شاہ نے طلبہ اور والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویز براہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں تاکہ کمیٹی ان کا بھی جائزہ لے سکے۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ جو طلبہ جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروادیں۔
واضح رہے کہ برطرف چیئرمین سے بیرون ملک دورے کی وضاحت بھی طلب کی گئی ہے، اور 7 روز کے اندر اپنی پوزیشن واضح کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وضاحت نہ دینے پر ان کے خلاف کنٹرولنگ اتھارٹی کو تادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی، حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کا یہ عمل سروس رولز اور ڈسپلن کی صریح خلاف ورزی ہے۔
برطرف چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو بیرون ملک سفر سے قبل کنٹرولنگ اتھارٹی سے پیشگی منظوری لینا ضروری تھا۔