کرپٹو کرنسی ڈیلر کے اغوا، 3 لاکھ ڈالرز سے زائد رقم ہتھیانے کا الزام: پولیس اہلکار سمیت 7 افراد گرفتار

شائع January 3, 2025 اپ ڈیٹ January 4, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی میں کرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرانے کے الزام پر کراچی کی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایک اہلکار سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اے وی سی سی نے بتایا کہ 25 دسمبر کو پولیس موبائل میں سوار اغوا کاروں نے منگھوپیر سے کرپٹو کرنسی کے بزنس مین ارسلان کو اغوا کیا۔

بیان کے مطابق پولیس موبائل میں سوار اغوا کار شہری کو صدر لائے جہاں اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے اور مغوی کو مزار قائد کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔

حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (سندھ) غلام نبی میمن نے ایک پولیس اہلکار کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ دوسرے مشتبہ پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

صوبائی پولیس چیف نے کہا کہ یہ سی ٹی ڈی کی نہیں، افراد کی انفرادی کارروائی ہے، کوئی پولیس اہلکار بھی کسی غیر قانونی کام میں ملوث ہوتا ہے تو اس کے خلاف بھی پولیس کارروائی کرتی ہے، کسی سے رعایت نہیں برتی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کام میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی پولیس اہلکار سے کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی، ان کے خلاف نہ صرف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے بلکہ انہیں محکمانہ کارروائی اور ملازمت سے برخاست کیے جانے کی کارروائی بھی سامنا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2024 میں بھی کراچی میں 2 شہریوں کو غیر قانونی حراست مین رکھنے، تشدد اور رقم وصولی میں ملوث محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی نے بتایا تھا کہ چاروں اہلکاروں کو معطل کردیاگیا، نوکری سے بھی فارغ کیا جائے گا، چاروں پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد انکوائری کی گئی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گرفتار اہلکاروں نے شہری جاسم اور اس کے دوست کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا تھا، شہری کی مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق اہلکاروں نے شہری سے 4 لاکھ روپے بھی وصول کئے تھے، پولیس لین دین کے تنازع پر نوجوان کو اغوا کرکے سی ٹی ڈی سیل لے گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025