بیٹی نے دوسری شادی کے لیے حوصلہ افزائی کی، دانیا انور

شائع January 3, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ دانیا انور نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی طلاق کے بعد جب انہوں نے دوسرے شخص سے تعلقات استوار کیے تو ان کی بیٹی نے انہیں دوسری شادی کے لیے حوصلہ دلایا۔

دانیا انور نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں ہوگئی تھی، ان کی پہلی شادی 6 سال تک چلی۔

ان کے مطابق ان کے پہلے شوہر نشے کے عادی تھے اور ان کی نشے کی عادت دن بہ دن خراب ہوتی گئی، وہ ان پر تشدد کرنے لگے، ان کی تضحیک ہونے لگی، جس وجہ سے انہوں نے اس رشتے کو ختم کیا۔

ایک سوال کے جواب میں دانیا انور نے بتایا کہ انہیں سابق شوہر سے متعلق کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں، وہ اپنے بچوں سے بھی نہیں ملنے آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچوں کو والد کی عزت کرنا سکھایا ہے، انہوں نے بچوں کو اپنا والد دکھایا ہے لیکن ان کے والد خود اپنے بچوں سے رابطہ نہیں کرتے، وہ جہاں بھی ہوں گے، بہتر ہوں گے۔

دانیا انور نے بتایا کہ طلاق کے بعد انہوں نے سوچا تھا کہ وہ کچھ عرصے تک شادی نہیں کریں گی لیکن انہیں ایک اچھا شخص مل گیا، جن سے ان کے دو سال تک تعلقات رہے اور وہ تعلقات کو مزید چلانا چاہتی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق شادی سے قبل حالیہ شوہر سے جب دو سال تک تعلقات رہے تو بیٹی نے تیسرے سال میں انہیں دوسری شادی کے لیے کہا اور سوال کیا کہ جب مذکورہ شخص اچھے ہیں تو آپ شادی کیوں نہیں کرتیں؟

دانیا انور کا کہنا تھا کہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ وہ بچوں کی حفاظت اور بہتری کے لیے بھی پریشان تھیں، جس وجہ سے انہوں نے دوسری شادی کا فیصلہ تاخیر سے کیا۔

انہوں نے خود کو خوش قسمت قرار دیا اور بتایا کہ ان کی ساس نے ان کی پہلی شادی کو ختم کرنے پر ان کی تعریفیں کیں اور ان کی ساس انہیں بہت سارے معاملات پر اچھی تجاویز دیتی رہتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی شادی 19 سال کی عمر میں کی جو کہ 6 سال تک چلی، طلاق کے تین سال بعد انہوں نے دوسری شادی کی اور اب ان کی عمر 37 برس ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ دانیا انور ماضی کے مقبول فلمی اداکار ندیم کی بہو ہیں، انہیں پہلی شادی سے دو بچے ہیں جو اب ان کے ہمراہ رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025