پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، مذاکرات میں کچھ نظر نہیں آرہا، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اپیکس کمیٹی پر سوالات اٹھا دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جس اپیکس کمیٹی میں صرف حکومتی نمائندے ہوں اور اپوزیشن شامل ہی نہ ہو، وہاں صوبے کے حالات کا جائزہ کیسے لیا جاسکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں کچھ بھی نظر نہیں آرہا، بس دعا ہی کر سکتے ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہے، انہیں این آر او تو ملنے والا نہیں ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکومت نے رٹ قائم کردی، اس پر بہت خوشی ہے، تاہم بلدیاتی اداروں کے نمائندوں پر احتجاج کے دوران شیلنگ، لاٹھی چارج کی مذمت کرتا ہوں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے بلدیاتی ناظمین کا کنونشن گورنر ہاؤس میں ہوگا، اب ناظمین کے مطالبات کے لیے بات کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک جاکر حالات ٹھیک کرے، جب میں نے کرم جانے کا کہا تو وزیر اعلیٰ پہنچ گئے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلالی، وہ ایسے ہی بیٹھے رہے، اپیکس کمیٹی میں قائد حزب اختلاف کو بھی شامل کیا جائے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بغیر اپیکس کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں، 2013 میں پی ٹی آئی کو صوبہ حوالے کیا، اس کے بعد سے اب تک خیبر پختونخوا میں حکومت ناکام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ یہاں سے فوج کو نکال دی جائے تو پھر ہم پوچھتے ہیں کہ آپ کی پولیس کے پاس کیا ہے؟