کراچی: علاج کے بہانے پاکستان آکر کویت جانے کی کوشش کرنے والا افغان شہری گرفتار
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی کے ذریعے کویت جانے کی کوشش کرنے والے افغان شہری اور گداگری کے لیے جعلی دستاویزات پر سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان میں افغان مسافر احمد محمد اختر اور خاتون ایمان شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق احمد محمد اختر نامی افغان مسافر نے پاکستانی ویزا جعل سازی سے حاصل کیا، ملزم 3 نومبر 2024 کو چمن بارڈر کے ذریعے علاج کے نام پر پاکستان آیا تھا، ملزم علاج کے حوالے سے کسی قسم کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے علاج کا بہانہ کر کے کویت جانا تھا۔
ملزم کو اس کے دوست نے پاکستان آمد کے لیے طبی ویزا اپلائی کرنے کا مشورہ دیا تھا، ملزم نے پاکستانی ویزا اپلائی کرنے کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دوسری کارروائی میں عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے میں ملوث خاتون مسافر کو طیارے سے آف لوڈ کیا گیا۔
خاتون مسافر عمرہ کے ویزے پر سعودی عرب جا رہی تھی، ملزمہ کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، ملزمہ نے جائے پیدائش کو تبدیل کر کے عمرے کا ویزا حاصل کیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ کا شناختی کارڈ اور پتا جعلی تھا، ملزمہ نے ویزا اپنے پڑوسی حاجی علی کے ذریعے 5 لاکھ 94 ہزار روپے میں حاصل کیا تھا، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔