توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کے وکیل غیر حاضر، ایف آئی اے کے گواہ پر جرح مکمل نہ ہوسکی
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہ ہوسکی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی کو گواہ پر جرح کرنے کی درخواست کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ پہلے بشریٰ بی بی کے وکیل گواہ پر جرح مکمل کریں پھر ہم کریں گے۔
عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جرح کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے گواہ کابینہ ڈویژن کے سیکشن افسر بن یامین کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔
استغاثہ کے گواہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وصول کیے گئے تحائف کی تفصیلات اور توشہ خانہ تحائف کی رجسٹریشن کا رجسٹر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جب کہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھیں۔
پس منظر
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
اڈیالہ جیل کی عدالت ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کیس سے بریت کی درخواستیں بھی مسترد کر چکی ہے۔