سینئر سفیر شفقت علی خان دفتر خارجہ کے نئے ترجمان مقرر
یورپ کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان کو وزارت خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کر دیا گیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شفقت علی خان، سابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گے جو جلد ہی فرانس میں پاکستان کی سفیر کا عہدہ سنبھالیں گی۔
55 سالہ شفقت خان اس وقت یورپ کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ پاکستان کے خارجہ امور میں 30 سال سے زائد کا تجربہ رکھنے والے سفارت کار ہیں۔
1993 میں سروس میں شامل ہونے کے بعد سے وہ مختلف عہدوں پر رہے ہیں، وہ 2020 سے 2023 تک روس اور 2017 سے 2020 تک پولینڈ کے سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ 2016 سے 2017 تک دفتر خارجہ میں یورپ کے ڈائریکٹر جنرل اور 2010 سے 2013 تک اقوام متحدہ (جنیوا) میں پاکستانی مشن میں نائب مستقل مندوب جب کہ 2014 سے 2015 تک قومی اسمبلی کے اسپیکر کے سفارتی مشیر سمیت متعدد اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔
شفقت علی خان بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں سیاسی اور اسٹریٹجک امور کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ کنگز کالج لندن، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور اپسالا یونیورسٹی (سویڈن) سے اپنی تعلیمی اسناد حاصل کرچکے ہیں۔