ایم ڈبلیو ایم کا کراچی سمیت مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان
مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس نے کرم میں دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جاری تمام دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک گیر دھرنوں کے خاتمے کا اعلان کرتا ہوں، بلاول بھٹو کراچی واقعے پر تحقیقات کرائیں، امن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے حکومت سستی نہ کرے۔
سینیٹر راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بے گناہوں کا خون بہاکر انہوں نے اپنے منہ پر کالک ملی۔
یہ پیش رفت آج خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگے میں فریقین کی جانب سے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ پارا چنار میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے کراچی میں شارع فیصل اور شارع پاکستان سمیت مختلف مقامات پر گزشتہ کئی روز سے دھرنے دیے جارہے تھے جس کے سبب شہر میں ٹریفک کا نظام درہم ہوگیا تھا اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر دھرنے کے دوران صورتحال پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے باعث کشیدہ ہوگئی تھی۔
مظاہرین کی جانب سے 4 موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی تھی جبکہ متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب دو روز قبل (30 دسمبر) اہلسنت و الجماعت نے بھی کرم ایجنسی پارا چنار میں بلا تفریق آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کراچی میں 60 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان سنی علما کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں جاری اہل تشیع کے دھرنے 24 گھنٹوں میں ختم نہ کرائے گے تو پھر ہم بھی 24 گھنٹوں کے بعد کراچی میں طے شدہ مقامات پر سے دھرنے شروع کر دیں گے جو کہ ملک بھر میں پھیل سکتے ہیں۔
دریں اثنا، آج خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا جب کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کیے جانے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے، بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، زمینی راستوں پر قافلے بروز ہفتہ روانہ ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے، دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔