آئی سی سی نے نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی، ٹیسٹ فارمیٹ میں سعود شکیل کی ترقی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی، ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی رینکنگ میں اسٹار بلے باز بابر اعظم کی تنزلی جبکہ سعود شکیل کی ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق سعود شکیل ٹیسٹ رینکنگ میں 3 درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جو ان کے کریئر کی بہترین پوزیشن ہے، جبکہ پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم 2 درجہ تنزلی کے بعد اب 17ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک اور جوروٹ پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے اسٹار بیٹر کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
باؤلرز میں بھارت کے جسپریت بمراہ 907 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ ٹین باؤلرز میں موجود قومی ٹیم کے واحد باؤلر نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم اور محمد رضوان ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں اور نویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے، دوسری جانب باؤلرز میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین بدستور پہلے نمبر براجمان ہیں، ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی باؤلر شامل نہیں ہے۔