پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں آپریشن، 10 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کرلی
پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب آپریشن کرکے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی منشیات کی بڑی کھیپ ضبط کرلی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول فضائی اثاثوں کی مدد سے پی این ایس معاون نے مشکوک کشتی پر بورڈنگ آپریشن کرکے منشیات ضبط کرلی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق منشیات کشتی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی، ضبط شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر ہے، منشیات کی یہ کھیپ سمندر کے راستے بین الاقوامی مقامات تک پہنچائی جا رہی تھی۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاک بحریہ خطے کی سمندری حدود میں ہر طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔
خیال رہے کہ پاک بحریہ نے گزشتہ سال اکتوبر میں شمالی بحیرہ عرب میں کمبائنڈٹاسک فورس150کےساتھ کامیاب انسداد منشیات آپریشن کرتے ہوئے مشتبہ کشتی سے 1300 کلو حشیش برآمد کی تھی۔
انسداد منشیات آپریشن میں مشتبہ کشتی سے 1.3ٹن ( 1300 کلو) حشیش ملی جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھی۔