• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

معاہدے پر دستخط کرم کے دیرینہ تنازع کے پائیدار حل کیلئے اہم پیشرفت ہے، علی امین گنڈاپور

شائع January 1, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، آج فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے، جو کرم مسئلے کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر طے پانے والے امن معاہدے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن حل کے لیے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول و عسکری حکام کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، معاہدے پر دستخط سے کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہوگئی، معاہدے پر دستخط کرنے پر فریقین کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کرکے علاقے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے، معاہدہ فریقین کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فریقین سے اپیل ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کومسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمار ی کوشش اور خواہش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں اور وہاں معمولات زندگی بحال ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لڑائی اور تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مسائل اور تنازعات ہمیشہ مذاکرات ہی سے حل ہوتے ہیں، تشدد ہمیشہ تشدد کو جنم دیتا ہے جو فریقین، علاقے اور حکومت کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہی مذہب کے ماننے والے ہیں، پر امن بقائے باہمی اور رواداری ہمارے مذہب کی بنیادی تعلیمات میں سے ہیں، پشتون روایات میں بڑے سے بڑے مسئلے جرگے کے ذریعے حل ہوجاتے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ ہم جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس اہم پیشرفت پر کرم کے عوام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، انہیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن ہوگا، تو ترقی بھی ہوگی اورعوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی، اس اہم پیش رفت کا خیر مقدم کرتا ہوں اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتا ہوں، امید ہے یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ آج خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا جب کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کیے جانے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے، بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، زمینی راستوں پر قافلے بروز ہفتہ روانہ ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے، دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025