وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا
وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا 11 واں اجلاس کل طلب کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، اعلیٰ عسکری، فوجی اور سول قیادت شریک ہوگی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس کے دوران ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی، جبکہ ایس آئی ایف سی کے تحت ہونے والی ترقی، سرمایہ کاری اور تیل گیس کے نئے ذخائر کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی۔
ایجنڈے میں دوست ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور سہولیات کے بارے میں بھی بتایا جائے گا، دوران اجلاس اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
مزید برآں جمعہ کو نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیا جائے گا، افغانستان کی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔