پشاور: بلدیاتی نمائندوں کا مطالبات کے حق میں احتجاج، ریڈ زون میں داخلے پر پولیس کی شیلنگ
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز کی عدم فراہمی اور مطالبات منظور نہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا جبکہ ریڈ زون پہنچنے پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق بلدیاتی نمائندے جناح پارک سے نکل کر خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے پہنچے، پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر اسمبلی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری، قیدیوں کی گاڑیاں اور واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی، ریڈ زون پہنچنے پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کرکے صوبائی اسمبلی کے سامنے موجود مظاہرین کو منتشر کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی پشاور میں بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
مظاہرے میں شامل بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز نہیں دے رہی جس کی وجہ سے علاقہ کی سطح پر ترقیاتی کام نہیں ہوپار ہے۔
مظاہرین نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقلی کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں تاہم صوبے میں ہزاروں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو نہ فنڈز اور نہ ہی اختیارات دیے جارہے ہی
بعد ازاں بلدیاتی نمائندوں اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے یوسی اور نیبر ہوڈ ناظمین کو 5،5 لاکھ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔