سال نو کے پہلے روز اسٹاک ایکسچینج 1881 پوائنٹس اضافے سے نئی بُلند ترین سطح پر
نئے سال کے آغاز پر بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1881 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح عبور کر گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1881 پوائنٹس یا 1.63 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 8 پوائنٹس پر پہنچا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 15 ہزار 126 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا کہ شرح سود سنگل ڈیجٹ پر آنے کی توقعات کے علاوہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 2018 کے بعد کم ترین سطح پر آنے کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی لی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں حصص کو فروغ ملا ہے، مزید مشاہدہ کیا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے انڈیکس میں ایک چوتھائی کردار ادا کیا، جس کی وجہ فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے ساتھ انضمام کے بعد نمایاں ڈیوڈنڈ کا متوقع اعلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینک نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اے ڈی آر (ایڈاونس ٹو ڈپازٹ ریشو) سے متعلقہ محصولات ہٹانے سے امید ہے کہ وہ ڈیپازٹ کی نمو پر توجہ مرکوز کر سکیں گے اور ٹیکسوں میں اضافے کے اثرات زائل ہو جائیں گے۔
اس نے مزید کہا گیا کہ عالمی میدان میں کے ایس ای-100 انڈیکس دوسرے نمبر پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ کے طور پر ابھری ہے اور صرف ارجنٹائن سے پیچھے ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے تحقیق میں بتایا کہ گزشتہ روز سال کے آخری سیشن میں معمولی کمی کے باوجود کے ایس ای-100 انڈیکس نے 2024 کا اختتام غیر معمولی 84 فیصد اضافے کے ساتھ کیا، جو 22 سالوں میں سب سے زیادہ سالانہ ریٹرن ہے، اس کی وجہ بہتر معاشی حالات اور مستحکم سیاسی ماحول ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ نے بتایا کہ کے ایس ای-100 انڈیکس میں بینکوں (13,847 پوائنٹس)، فرٹیلائزرز (11,169 پوائنٹس) اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (10,012 پوائنٹس) کا اضافہ ہوا، ان سیکٹرز کا مجموعی طور پر انڈیکس کے میں 66 فیصد سے زائد حصہ رہا۔