• KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:13pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:42pm
  • KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:13pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:42pm

انجلینا جولی اور براڈ پٹ میں 8 سال بعد طلاق کا تصفیہ ہوگیا

شائع December 31, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ہولی وڈ اداکارہ 49 سالہ انجلینا جولی اور اداکار 61 سالہ براڈ پٹ کے درمیان 8 سال بعد طلاق کا تصفیہ طے پاگیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان طویل قانونی خاندانی جنگ کا خاتم ہوگیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق دونوں اداکاروں نے 30 دسمبر 2024 کو لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں تصفیہ طے پاجانے کے دستاویزات جمع کرائے۔

عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں دوںوں اداکاروں کے دستخط شامل ہیں، تاہم مذکورہ تصفیہ کو عدالت کی جانب سے منظور کیا جانا ابھی باقی ہے۔

دونوں کے درمیان طلاق کے معاملات طے پاجانے کے بعد ان کے درمیان خاندانی قانونی جنگ تقریبا اختتام پذیر ہوگئی۔

دونوں کے درمیان 2016 میں قانونی جنگ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب کہ انجلینا جولی نے براڈ پٹ سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

سال 2016 میں انجلینا جولی نے دعویٰ کیا تھا کہ یورپ جاتے ہوئے براڈ پٹ نے ان کے بڑے بیٹے 22 سالہ میڈوکس کو طیارے میں سفر کے دوران مارا تھا، اس لیے اب وہ ان کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں اور انہیں طلاق چاہیے۔

براڈ پٹ نے انجلینا جولی کے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم دونوں کا کیس زیر سماعت رہا۔

دونوں کے درمیان طلاق اور 6 بچوں کی حوالگی کا کیس 2016 سے زیر سماعت تھا اور ان کا کیس کم از کم 4 مختلف عدالتوں میں چلا۔

سال 2019 میں عدالت نے دونوں کو طلاق یافتہ قرار دے دیا تھا، تاہم ان کے قانونی معاملات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے تھے، کیوں کہ ان کے درمیان بچوں کی حوالگی اور ملکیت کی مالکی کے کیسز کی بھی جنگ تھی۔

انجلینا جولی کی خواہش تھی کہ تمام 6 ہی بچے ان کے حوالے کیے جائیں جب کہ براڈ پٹ چاہتے تھے کہ تمام بچوں کی کفالت مشترکہ ہو اور اسی کیس میں مئی 2021 میں عدالت نے براڈ پٹ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بچوں کی کفالت مشترکہ قرار دی تھی۔

اب انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے اپنی قانونی جنگ کو ختم کرتے ہوئے تصفیہ کرلیا، تاہم تصفیے کی تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا۔

انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 10 سال تک شادی کے بغیر ایک دوسرے سے تعلقات رکھے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی مگر دو سال بعد 2016 میں دونوں الگ ہوگئے۔

دونوں کے 6 بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑے بچے میڈوکس کی عمر 22 برس، دوسرے بچے پاکس کی عمر 20 برس، زہرا کی عمر 19 برس، شلوح کی عمر 17 برس جب کہ جڑواں بچوں ناکس اور ووینے کی عمر 15 برس ہے۔

دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025