• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

برطانوی بادشاہ نے میئر لندن صادق خان کو اہم اعزاز سے نواز دیا

شائع December 31, 2024
— فوٹو: شٹر اسٹاک
— فوٹو: شٹر اسٹاک

برطانوی بادشاہ چارلس نے لندن کے میئر پاکستان نژاد صادق خان کو ’نائٹ‘ کے اعزاز سے نواز دیا، انہیں یہ اعزاز عوام کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، میئر لندن کو اب سر صادق خان کے نام سے پکارا جائے گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے پاکستانی نژاد میئر لندن صادق خان کو نائٹ کے اعزاز سے نوازا۔

برطانیہ کی حکمران جماعت لیبر پارٹی کے رکن صادق خان کو ’نائٹ‘ کا انتہائی معتبر اعزاز لندن کے عوام کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے، صادق خان رواں برس مسلسل تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے۔

نائٹ کا اعزاز ملنے سے اب صادق خان کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا، اس موقع پر میئر لندن صادق خان نے انتہائی معتبر اعزاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

میئر لندن کے علاوہ انگلینڈ کے سابق فٹ بال کوچ گیرتھ ساؤتھ گیٹ اور پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ کیلی ہوجکنسن نئے سال کے موقع پر اعزازات حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

برطانوی بادشاہ چارلس کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست میں سیاست، کھیل، فنون لطیفہ سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ 1200 سے زائد افراد شامل ہیں جنہیں ممبر آف دی برٹش ایمپائر، کمانڈر آف دی برٹش ایمپائر، آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (ایم بی ای، سی بی ای یا او بی ای) سے لے کر نائٹ ہوڈز اور ڈیم ہوڈز تک کے اعزازات سے نوازا جائے گا۔

نئے سال پر 1890 سے دیے جانے والے ان اعزازات کا مقصد نہ صرف معروف شخصیات کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہے بلکہ ان لوگوں کا بھی اعتراف کرنا ہے جو کئی سالوں سے عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے صادق خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ برطانیہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں ایک بس ڈرائیور کا بیٹا نہ صرف لندن کا میئر بن سکتا ہے بلکہ وہ ’نائٹ‘ کا اعزاز بھی حاصل کرسکتا ہے۔

انہوں نے صادق خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میئر نے لندن کی فضا کو صاف ستھرا بنانے کے لیے اہم پالیسیاں متعارف کرائیں، اس کے علاوہ اسکول میں مفت کھانے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا اور زیادہ سے زیادہ کونسل ہوم بھی تعمیر کروائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025