کراچی: پولیس کی کارروائی کے بعد بھی 6 مقامات پر دھرنے جاری

شائع December 31, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں پارہ چنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے 6 روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے پولیس کی کارروائی کے باوجود ختم نہ ہوسکے، عباس ٹاؤن سمیت 6 مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کی کارروائی کے بعد کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی کال پر پاراچنار کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کےلیے دھرنوں کا دوبارہ آغازہوگیا، نمائش چورنگی پرمرکزی دھرناجاری ہے اورپولیس کی بڑی تعداد نے دھرنےکے اطراف موجود ہے۔

شاہراہ پاکستان پر انچولی کے مقام پر بھی مظاہرین دوبارہ جمع ہوئے اور مرکزی شاہراہ پر دھرنا دےدیا، ناظم آباد سے لسبیلہ جانے والی شاہراہ پر بھی دھرنا شروع ہوگیا اور لوگوں کی بڑی تعداد دھرنےکےمقام پرموجود ہے۔

عباس ٹاوُن میں بھی پولیس کارروائی کےبعد دھرنامظاہرین کچھ دیر کےلیے منتشرہوئے تاہم ایک بار پھر دھرنے کا آغاز ہوگیا، ملیر 15 میں بھی دھرنا جاری ہے اور مظاہرین پاراچنار کی صورتحال پراظہار یکجہتی کےلیے جمع ہیں۔

ادھر گلستان جوہر کامران چورنگی پربھی مظاہرین دھرنا دئیے بیٹھے ہیں جس سے علاقےمیں آمدورفت متاثر ہے۔

اس قبل صبح کے وقت پولیس کی جانب دھرنا ختم کرانے کی کارروائی کے دوران عباس ٹاؤن میدان جنگ بن گیا تھا، پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی جبکہ پولیس اور مظاہرین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے دھرنے کا ٹینٹ اکھاڑ دیا۔

دوسری جانب پولیس نے سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹ، فائیو اسٹار چورنگی، جوہر موڑ، نواب صدیق علی خان روڈ چورنگی ناظم آباد نمبر 1 اور 2، شاہراہ پاکستان کو عائشہ منزل اور انچولی کو ٹریفک کے لیے کھول دیا تھا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں مختلف مقامات پر 6 روز سے دھرنے جاری تھے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر تھی اور شہریوں کو ایئرپورٹ جانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

مجلس وحدت المسلمین نے کراچی میں دیے گئے دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہر میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کے ساتھ اس کا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025