شہباز شریف سے افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق کی ملاقات

شائع December 30, 2024
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے ملاقات کی اور حالیہ دورے کے حوالے سے انہیں بریفینگ دی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف سے افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے ملاقات کی۔

مزید کہا کہ ملاقات میں محمد صادق خان نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ 27 دسمبر کو وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا تھا کہ افغان حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے ٹھوس حکمت عملی بنائے، ایک طرف ہمیں یہ پیغام ملے کہ ہم تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف کالعدم ٹی ٹی پی کو کھلی چھٹی ہو تو یہ دو عملی نہیں چلے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح دہشت گردی کے خلاف صف آرا ہیں، چند دن قبل ایف سی کے 16 جوان شہید ہوئے، شمالی وزیرستان میں کل ایک معرکے میں خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ ہمارے میجر اور دیگر جوان شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہماری دلی خواہش ہے کہ ہمارے تعلقات بہتر ہوں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ معاشی میدان میں تعاون کریں، تجارت بڑھے اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے مگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان آج بھی افغستان سےآپریٹ کر رہی ہے اور پاکستان میں بےگناہ لوگوں کو شہید کر رہے ہیں، یہ پالیسی نہیں چل سکتی۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025