بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بناکر والدین کو بلیک میل کرنے والے ٹک ٹاکرز گرفتار
بلوچستان کے ضلع خضدار اور دیگر علاقوں میں پولیس نے بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر والدین کو بلیک میل کرنے والے 2 ٹک ٹاکرز کو گرفتار کرکے اغوا کی کوشش کرنے والے بچے کو بازیاب کرا لیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ بلیک میلرز کی جانب سے کالز موصول ہونے والے متعدد والدین نے خضدار کے علاقے سے ایک بچے کے اغوا کی اطلاع دی۔
ڈی ایس پی سٹی پولیس محمد جان ساسولی نے دیگر افسران کے ہمراہ ملزمان کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر مغوی بچے کو بازیاب کرا لیا اور دونوں ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کی شناخت ٹک ٹاکر کلیم عرف خرما اور محراب خان کے طور پر ہوئی جو چھوٹے بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنانے میں ملوث پائے گئے تھے۔
ملزمان بچوں کی نازیبا ویڈیوز جاری کرنے کے بدلے بچوں کے والدین سے پیسے وصول کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا ہے۔