• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm

آسٹریلوی اوپنر کو کندھا مارنے پر ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد

شائع December 26, 2024
— فوٹو:کرک انفو
— فوٹو:کرک انفو

آسٹریلوی اوپنر کو کندھا مارنے پر عالمی شہرت یافتہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’انڈیا ٹو ڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس کو کندھا مارنے پر پابندی لگنے سے بچ گئے، تاہم ان پر جرمانہ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف سیم کونسٹاس کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ویرات کوہلی کو ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ویرات کوہلی کو میچ کے پہلے سیشن میں آسٹریلوی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کو کندھا مارتے ہوئے دیکھا گیا۔

بعد ازاں، ویرات کوہلی کی میچ ریفری سے میٹنگ صرف 10 منٹ تک جاری رہی، سابق بھارتی کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو تسلیم کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس کے بعد ان پر لیول ون کے جرم کےارتکاب کا الزام عائد کیا گیا جو کہ میدان میں جسمانی طور پر ٹکرانے کی سب سے ہلکی دفعہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ بہت زیادہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ ویرات کوہلی پر ایک میچ کی پابندی عائد کی جائے گی جب یہ ظاہر ہوا کہ وہ 19 سالہ نوجوان کرکٹر کے ساتھ جان بوجھ کر ٹکرائے۔

میلبرن ٹیسٹ کا پہلا روز: بھارت کیخلاف آسٹریلیا کے 6 وکٹوں پر 311 رنز

رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق میدان میں جان بوجھ کر کسی کھلاڑی سے ٹکرانے کو اکثر لیول 2 جرم کا درجہ دیا جاتا ہے جس پر 3 یا 4 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں، اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران 4 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس پر ایک ٹیسٹ میچ یا محدود اوورز کے 2 میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

تاہم ویرات کوہلی کو صرف ایک دی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ایئرپورٹ پر اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے پر ایک خاتون صحافی پر برہم ہوگئے تھے۔

آسٹریلوی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ نے ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’ ویرات کوہلی نے اس وقت رپورٹر سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا جب وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایئرپورٹ سے روانہ ہو رہے تھے۔’

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز کے چوتھے میچ میں بھارت کے خلاف پہلے روز کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 311 رنز بنالیے ہیں۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں جاری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا تو آغاز شاندار ہوگا۔

دونوں اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیبیو کرنے والے سیم کونسٹاس نے نصف سنچریاں بنائیں، ان کے بعد آنے والے مارنس لبوشین نے بھی 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر اسٹیون اسمتھ 68 اور پیٹ کمنز 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،م بھارت کی جانب سے فاسٹ باؤلر جسپریت بھمراہ 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلر رہے۔

یاد رہے کہ 5 میچوں پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز 1-1 سے برابر ہے، سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ اس سے قبل پرتھ ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز کی بڑی شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل تھی، دونوں ٰٹیموں کے درمیان کھیلا گیا بارش سے متاثرہ تیسرا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 دسمبر 2024
کارٹون : 27 دسمبر 2024