• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

پاکستانی کام لینے جاتے ہیں، میں نے وہاں جاکر بھارتیوں کو کام دیا، وارث بیگ

شائع December 25, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کے مقبول گلوکار و موسیقار وارث بیگ نے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز و میوزک شخصیات بھارت کام لینے جاتی ہیں جب کہ انہوں نے وہاں جاکر انڈینز کو کام دیا۔

وارث بیگ نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بھارت میں کام کرنے اور وہاں سے کام کی پیش کش ہونے سمیت وہاں کے پروفیشنل ازم سے متعلق کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ ماضی میں فلم ساز مہیش بھٹ نے ان سے ان کے گانے ’کل شب دیکھا چاند جھروکے میں‘ کاپی کرنے پر معافی مانگی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مہیش بھٹ نے ان کے گانے کی کاپی اپنی فلم میں شامل کی، جس کے بعد معروف میزبان نادیہ خان نے جیو ٹی وی کے اپنے مارننگ شو میں بھارتی فلم ساز کو فون پر لائین پر لیا اور انہیں بھی فون پر لیا گیا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ نادیہ خان اس وقت دبئی سے مارننگ شو کرتی تھیں، جس میں میزبان نے انہیں اور مہیش بھٹ کو بھی فون پر براہ راست لیا۔

وارث بیگ نے بتایا کہ انہوں نے پروگرام کے دوران مہیش بھٹ سے شکوہ کیا کہ انہوں نے ان کا گانا چوری کیا لیکن ان سے اجازت لی اور نہ ہی انہیں آگاہ کیا گیا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے مہیش بھٹ کو کہا کہ وہ مذکورہ گانا ان سے یا کسی دوسرے پاکستانی سے بھی گوا سکتے تھے، جس پر پر فلم ساز نے ان سے معذرت کی۔

وارث بیگ نے بتایا کہ مہیش بھٹ نے ان سے گانے کو کاپی کرنے کی اجازت نہ لینے اور ان سے رابطہ نہ کرنے پر براہ راست شو میں معافی مانگی۔

ایک اور سوال کے جواب میں وارث بیگ نے کہا کہ وہ دوسرے پاکستانی گلوکارو و اداکاروں کے مقابلے خود کو زیادہ خوش قسمت سمجھتے ہیں، کیوں کہ انہوں نے بھارت جاکر وہاں کے لوگوں کو کام دیا۔

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر پاکستانی وہاں کام کرنے اور مانگنے جاتے ہیں لیکن انہوں نے وہاں جاکر وہاں کے مقامی لوگوں کو کام دیا۔

وارث بیگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ممبئی جاکر بولی وڈ اداکارہ ملائکا اروڑو اور ان کی بہن امریتا اروڑا کے ساتھ میوزک ویڈیوز بنائیں، انہوں نے وہاں جاکر انہیں پیسے دیے۔

انہوں نے اس بات پر اظہار فخر کیا کہ انہوں نے بھارت جاکر وہاں کے لوگوں کو کام دیا اور انہیں پیسے بھی ادا کیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وارث بیگ نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے مقابلے بھارت میں پروفیشنل ازم زیادہ ہے، وہاں کے لوگ کام کو اہمیت اور اولیت دیتے ہیں۔

ان کے مطابق وہاں کے لوگوں کو کام پر آنے کے لیے فون نہیں کرنا پڑتا اور لوگ پہلے سے ہی کام کی جگہ پر موجود ہوتے ہیں جب کہ پاکستان میں کسی ایک گلوکار کا ایک گانا بھی ہٹ ہوجائے تو وہ آسمان سے باتیں کرنے لگتا ہے۔

خیال رہے کہ وارث بیگ نے 2006 میں اپنے ایلبم ’تیرے بنا‘ کے دو گانوں میں ملائکا اور ان کی بہن امریتا اروڑا کی ویڈیو میں کام کیا تھا، مذکورہ گانوں کو بھارتی پروڈیوسر نے پروڈیوس کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024