• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر پائپ لائن دوبارہ ٹوٹ گئی، شہر کو پانی کی فراہمی 3 روز کیلئے بند

شائع December 15, 2024
شہر کو پانی کی فراہمی متبادل لائنوں سے جاری ہے—فائل فوٹو : ڈان
شہر کو پانی کی فراہمی متبادل لائنوں سے جاری ہے—فائل فوٹو : ڈان

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 3 کروڑروپے کی لاگت سے چند روز قبل مرمت کی گئی پانی کی لائن دوبارہ ٹوٹ گئی جس کے بعد شہر قائد کو دھابیجی سے پانی کی سپلائی 3 روز کے لیے بند کردی گئی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث شہر کے 60 فیصد علاقے کے لاکھوں شہریوں کو دھابیجی سے پانی کی فراہمی 72 گھنٹے کے لیے بند کردی گئی۔

چیف انجینئر واٹر بورڈ ظفر پلیجو کا کہنا تھا کہ لائن میں معمولی لیکج ہوسکتی ہے تاہم مرمت کےکام کا دورانیہ بتانے میں کچھ وقت لگےگا۔

ترجمان واٹربورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن کا مرمتی کام پیر سے شروع کیا جائے گا جس میں 3 روز لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن بدھ کی شام تک شہر میں پانی کی فراہمی بحال کرنےکےلیےکوشاں ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا کہ کراچی کو مجموعی طور پر 650 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی فراہم کیا جاتا ہے، شہر کو 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 10 مرکزی لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، ان میں 9 لائنیں 40 سال پرانی ہو چکی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی ایک لائن کو تبدیل کردیا گیا۔

پانی کی فراہمی کی لائن نمبر 5 کو تبدیل کیا گیا تھا، اس کی جگہ ساڑھے 4 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھائی گئی تھی، منصوبے پر 2 اعشاریہ 3 ارب کی لاگت آئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اس سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔

کمرشل ٹینکرز سروس 3 روز کے لیے معطل

کراچی واٹر بورڈ نے شہر میں کمرشل ٹینکرز سروس 3 روز کے لیے معطل کردی، 3روز تک شہری علاقوں کو جی پی ایس سسٹم کےتحت ٹینکرز فراہم کیےجائیں گے۔

واٹر بورڈ نے کہا کہ رہائشی فلیٹس کو بھی پانی واٹر بورڈ کے جی پی ایس سسٹم کے تحت ملے گا، لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے 60 فیصدعلاقوں کو ٹینکرز سے پانی فراہم کیا جائےگا۔

اس کے علاوہ واٹرکارپوریشن نے ہائیڈرنٹس کا کوٹہ 6 لاکھ گیلن سے بڑھا کر 8 لاکھ گیلن کردیا، ہائیڈرنٹس پر عوام کے لیے ونڈو سروس بھی شروع کردی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024