• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ہیپاٹائٹس بی کے نئے طریقہ علاج کی آزمائش کے حوصلہ کن نتائج

شائع December 11, 2024
—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

چینی ماہرین کی جانب سے ہیپاٹائٹس بی جیسے سنگین مرض کی پرانی ادویات کو نئے طریقے سے آزمانے کے ابتدائی نتائج حوصلہ کن آنے کے بعد ماہرین کو امید ہے کہ مذکورہ طریقہ علاج مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

جگر کی سوجن یا سوزش کو ہیپاٹائٹس کہتے ہیں، یہ بیماری جگر کے کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

جگر جسم کا وہ حصہ ہے جو خوراک ہضم کرنے میں مدد کرتا ہے، یہ ٹاکسن اور فاضل مادہ کا اخراج کرتا ہے اور طاقت پیدا کرتاہے، تاہم ہیپاٹائٹس ہونے کے بعد جگر درست انداز میں کام نہیں کرتا۔

ہیپاٹائٹس کو عمومی طور پر پانچ اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے، جس میں ’اے، بی، سی ڈی اور ای‘ شامل ہیں۔

ہیپاٹائٹس کی تمام اقسام کسی نہ کسی طرح ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتی ہیں خاص طور پر جسمانی رطوبت، انجیکشن کی آلودہ سوئیاں، جسمانی تعلقات وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

اس بیماری کی تشخیص انتہائی آغاز میں ہونے پر اس سے چھٹکارہ حاصل کرنا ممکن ہے، تاہم تاخیر سے اس کی تشخیص مسائل اور پیچیدگیاں پیدا کرسکتی ہے۔

ہیپاٹائٹس کی بیماری کے لیے مختلف ادویات پہلے سےموجود ہیں لیکن اب چینی ماہرین نے دو مختلف ادویات کو ملا کر مذکورہ بیماری کا نیا علاج دریافت کیا ہے، جس کی آزمائش کے نتائج حوصلہ کن آئے ہیں۔

طبی جریدے کےمطابق چینی ماہرین نے 48 ہفتوں تک ہیپاٹائٹس کے 159 مریضوں پر تحقیق کی اور انہیں پانچ مختلف گروہوں میں تقسیم کرکے انہیں مختلف ادویات دیں۔

تمام گروپس کے رضاکاروں کو ہیپاٹائٹس کی پہلے سے موجود ادویات دی گئیں، تاہم تمام گروپس کو مختلف ادویات دی گئی تھیں۔

ماہرین کے مطابق جن مریضوں کو (xalnesiran) نامی دوا ہیپاٹائٹس کی عام دوائی کے ساتھ دی گئی، ان مریضوں میں بیماری غیر متحرک ہوگئی۔

ماہرین نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس کے جن مریضوں کو (xalnesiran) کے آر این اے انجکشن پہلے سے موجود امیونوماڈیولیٹر ادویات کے ساتھ دیا گیا، ان میں بیماری کافی عرصے تک غیر متحرک ہوگئی اور انہیں دیگر ادویات کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔

ماہرین نے واضح کیا کہ مذکورہ طریقہ علاج سے ہیپاٹائٹس کی بیماری مکمل طور ختم نہیں ہوتی بلکہ اسے کافی عرصے تک غیر متحرک کردیا جاتا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ہیپاٹائٹس کی بیماری زیادہ بڑھ جانے کے بعد ادویات سے ختم نہیں کی جا سکتی، ایسے مریضوں کو عمر بھر ادویات لینی پڑتی ہیں یا پھر انہیں جگر کی پیوندکاری کروانی پڑتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024