• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

امریکا: ہیلتھ انشورنس کمپنی کے سربراہ کا مبینہ قاتل گرفتار

شائع December 10, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

امریکی ہیلتھ انشورنس کی بڑی کمپنی یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے چیف ایگزیکٹو برائن تھامپسن کو قتل کرنے والے ملزم کو پینسلوینیا سے گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے’رائٹرز’ کے مطابق ملزم کی شناخت 26 سالہ لویگی مینگیون کے نام سے ہوئی جسے ریاست پینسلوینیا کے شہر ایلٹونا سے گزشتہ روز حراست میں لیا گیا۔

پولیس اہلکاروں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم کو میکڈونلڈز کے اندر کھانا کھاتے ہوئے دیکھا گیا جس کی اطلاع عینی شاہد نے پولیس کو دی، لیپ ٹاپ اور بیگ کے ساتھ مشتبہ شخص نے ماسک پہنا ہوا تھا۔

ملزم سے تلاشی کے دوران ایک پستول بھی برآمد کی گئی، حکام کا کہنا تھا کہ ہتھیار، لباس اور ماسک قاتل کی استعمال کردہ اشیا سے مشابہت رکھتے ہیں۔

حراست میں لیے جانے کے بعد لویگی مینگیون کو ایلٹونا میں بلیئر کاؤنٹی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر اسلحہ رکھنے اور جعل سازی کے الزامات عائد کیے گئے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق نیو یارک میں پراسیکیوٹرز نے لویگی مینگیون کے خلاف اسلحہ رکھنے کے چار الزامات کے علاوہ قتل کا الزام بھی عائد کیا۔

پینسلوینیا کے پراسیکیوٹرز نے لویگی مینگیون سے برآمد کیے جانے والے جعلی شناختی کارڈ اور بڑی رقم کا حوالے دیتے ہوئے رہا ہونے پر خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کی ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی جسے بعد میں منظور کرلیا گیا، ملزم سے متعدد الیکٹرونک ڈیوائس بھی ملی ہیں جس کی پولیس جانچ کررہی ہے۔

حکام کے مطابق، لویگی مینگیون جو میری لینڈ کا رہائشی ہے، کے پاس متعدد جعلی شناختی کارڈ تھے جن میں ایک جعلی نیو جرسی کا آئی ڈی بھی شامل تھا جو اسی شخص سے مطابقت رکھتا تھا جس نے فائرنگ سے چند دن قبل مینہٹن کے ایک ہاسٹل میں چیک ان کیا تھا۔

ملزم سے ایک تحریری دستاویز بھی ملی ہے جو اس کے عزائم کو ظاہر کرتی ہے،نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) کے چیف آف ڈیٹیکٹیو جوزف کینی نے کہا کہ تحریر میں کسی مخصوص ہدف کا ذکر نہیں تاہم ملزم ’کارپوریٹ امریکا کے حوالے سے مثبت رائے نہیں رکھتا۔‘

لویگی مینگیون نے نے بالٹی مور کے گلمین سکول میں تعلیم حاصل کی،جہاں وہ 2016 میں ویلڈیکٹورین (ایک طالب علم جو گریجویشن کی تقریب میں اختتامی تقریر پیش کرتا ہے تھا۔

ملزم نے پینسلوینیا یونیورسٹی سے انجینئرنگ میں بیچلر اور ماسٹر کی ڈگری بھی حاصل کی ہے، لویگی مینگیون کے اہلخانہ نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ ہماری فیملی لویگی مینگیون کی گرفتاری پر صدمے اور پریشانی سے دوچار ہے، مزید کہا کہ وہ اس صورتحال پر زیادہ بات نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے میڈیا میں اس حوالے سے دیکھا ہے، وہ تھامسن کے اہلخانہ کے لیے دعاگو ہیں۔’

واضح رہے کہ امریکی ہیلتھ انشورنس کی بڑی کمپنی یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے چیف ایگزیکٹو 50 سالہ برائن تھامپسن کو گزشتہ ہفتے مینہٹن کے ایک ہوٹل کے باہر ایک نقاب پوش شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024