کرم: امن و امان کی بحالی کیلئے صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم
خیبرپختونخوا کی کابینہ نے ضلع کرم میں امن بحالی کے لیے صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم کردی گئی۔
یہ پیش رفت شورش زدہ ضلع میں گرینڈ جرگہ منعقد کرنے کے بعد سامنے آئی، جس میں دونوں فریقین سے انفرادی اور اجتماعی طور پر طویل بات چیت کے بعد معاہدے پر پہنچنے کے لیے اتفاق کیا گیا۔
ڈان ڈاٹ کام کو موصول شدہ نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ 2 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تشکیل کردہ سپروائزری کمیٹی کو کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد، علاقے میں امن اور استحکام کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کریں گے جبکہ صوبائی وزیر آفتاب عالم کمیٹی کے رکن نامزد کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں کئی دن تک جاری مسلح تصادم کے نتیجے میں 100 سے زائد اموات کے بعد سیاسی جرگے کی مداخلت سے علاقے میں مکمل جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق رائے کے بعد کرم میں معمولات زندگی بحال ہوگئے تھے۔
اس کے علاوہ مسلح تصادم کے نتیجے میں بند کی جانے والی موبائل فون سروس بھی بحال ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ 21 نومبر کو ضلع کرم کے علاقے اپر دیر میں اسی ہائی وے پر ایک گروپ کی جانب سے مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کرکے مسلح فسادات کی ابتدا کی تھی، جس کے بعد سے ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا، پہلے دن دونوں اطراف سے فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 43 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔