190 ملین پاؤنڈز اور توشہ خانہ 2 کیس میں بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ 2 کیسز میں سابق خاتون اول بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے گئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی۔
دوران سماعت بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی نے سوالناموں کے جواب جمع کرادیے، بشری بی بی عدالت میں پیش ہو گئیں، جس کے بعد عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے سماعت 12دسمبر تک ملتوی کردی۔
190 ملین پاؤنڈز کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔
یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔
عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
توشہ خانہ 2 کیس: ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی
اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی بھی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔
ملزمان کو ایف آئی اے دریافت رپورٹ کی نقول فراہم کر دی گئیں، عدالت نے بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے جب کہ ملزمان پر ٓآج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی، فرد جرم عائد کرنے کے لیے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کا پس منظر
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔