پنجاب حکومت کا پلاسٹک پروڈیوسرز اور ری سائیکلرز کی آن لائن رجسٹریشن کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے ماحول دوست اقدام کرتے ہوئے پلاسٹک پروڈیوسرز، سپلائرز، کلیکٹرز اور ری سائیکلرز کی آن لائن رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پلاسٹک کے پیداواری اداروں، ان کی سپلائی اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے والوں کی رجسٹریشن اب آن لائن کرائی جاسکے گی، اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے ذریعے پلاسٹک کی ’سپلائی سائیڈ‘ کو غیر رسمی معیشت سے نکال کر مکمل طور پر رسمی معیشت کا حصہ بنانامقصود ہے۔
واضح رہے کہ ماحولیاتی آلودگی اس وقت اہم ترین عالمی مسئلہ بن چکا ہے، صنعتی فضلے، دھواں چھوڑنے والے ٹریفک، ہوائی جہازوں، ایندھن کے بڑے پیمانے پر استعمال کے علاوہ پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کی وجہ سے موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں رو نما ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں سمندری طوفانوں، زلزلوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں اضافے کے علاوہ شدید گرمی اور شدید سردی جیسے اثرات دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔
پنجاب کی صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جائے گا بلکہ معیشت میں شفافیت کو بھی فروغ ملے گا، پنجاب کو پلاسٹک فری بنانے لیے محکمہ تحفظ ماحول کی کارروائیاں شدت سے جاری ہیں اور 75مائیکرون سے کم حجم والے پولیتھین بیگز کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام کی 2023 کی ایک رپورٹ کے مطابق پلاسٹک کی پیداوار 2050 تک تین گنا ہونے کی راہ پر ہے، اور ہوا، تازہ پیداوار اور یہاں تک کہ خواتین کے دودھ میں پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ذرات پائے گئے ہیں۔