• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دندان سازی کی ڈگری کی مدت بڑھا کر 5 سال کرنے کا اعلان

شائع November 30, 2024
نئی پالیسی سیشن 2025-2024 سے ملک بھر میں نافذ کردی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان
نئی پالیسی سیشن 2025-2024 سے ملک بھر میں نافذ کردی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے باضابطہ طور پر بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس) پروگرام کو 4 سال سے بڑھا کر 5 سال کرنے کا اعلان کردیا۔

نئی پالیسی سیشن 2025-2024 سے ملک بھر میں نافذ کردی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ایم ڈی سی سے جاری بیان میں صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے تبدیلی کے اہم فوائد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی بی ڈی ایس گریجویٹس کو دنیا بھر میں تربیت اور ملازمتیں حاصل کرنے میں درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں بی ڈی ایس کورس/اسٹرکچر 5 سالہ پروگرام ہوگا جس میں پانچواں سال کلرک شپ کے طور پر شامل ہوگا، جس کے بعد ایک سال کی اسٹرکچرڈ ہاؤس جاب/فاؤنڈیشن ایئر/انٹرن شپ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بی ڈی ایس گریجویٹس کے بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق اسناد کو ہم آہنگ کرنے اور نئے 5 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے ساتھ تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان ڈینٹل سرجنز کو 5 سالہ ٹرانسکرپٹ جاری کریں جنہوں نے 4 سالہ بی ڈی ایس پروگرام مکمل کیا ہے اور جو اس مقصد کے لیے یونیورسٹی سے رابطہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اضافی سال طلبہ کو ڈینٹل سائنسز کی گہری نظریاتی تفہیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا جس سے ان کے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ کلینیکل تربیت میں اضافے کے ذریعے طلبہ حقیقی دنیا کے دندان سازی کے چیلنجز کو اعتماد اور مہارت کے ساتھ سنبھالنے کے لیے تیار ہوں گے، یہ اقدام پاکستان کے ڈینٹل ایجوکیشن سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق لائے گا جس سے پاکستانی گریجویٹس کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ پہچان ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی گریجویٹس کو جدید مہارتوں اور علم سے آراستہ کرے گی جس سے وہ مقامی اور بین الاقوامی دونوں سطح پر صحت کے شعبوں میں مزید مسابقتی بن سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کونسل نے جامع نصاب رہنما اصولوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور یہ جلد ہی ڈینٹل کالجز کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024