• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی، انڈیکس 1274 پوائنٹس بڑھ گیا

شائع November 29, 2024
— فائل: کینوا
— فائل: کینوا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1274 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ ایک ہزار 357 کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 1274 پوائنٹس یا 1.27 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 357 پر بند ہوا، جس نے گزشتہ روز نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

اے کے سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا تھا کہ 100-انڈیکس میں بہتری کا رجحان جاری ہے، جس کی وجہ آئندہ ماہ شیڈول زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں بنیادی شرح سود میں کمی کی توقعات ہیں، جبکہ کائیبور (کراچی انٹربینک آفر ریٹ) اور ٹی بل کا شرح منافع 13 فیصد کے قریب ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 دسمبر کو منعقد ہو گا، جس میں بنیادی شرح سود میں تبدیلی کا تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بے یقینی میں کمی کے بعد 27 نومبر کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہوئی تھی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024