• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

’بسمل‘ کی شوٹنگ کے دوران ’چنبل‘ کا شکار ہوئی، حریم فاروق

شائع November 28, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں خوبرو، لالچی اور امیر شخص کی دوسری بیوی معصومہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہونے کے بعد انہیں ’چنبل‘ نامی جلد کی بیماری ہوگئی تھی۔

’بسمل‘ میں حریم فاروق کے کردار کو کافی سراہا جا رہا ہے، انہوں نے ڈرامے میں امیر شخص نعمان اعجاز کی کم عمر، خوبرو اور لالچی بیوی کا کردار ادا کیا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں مذکورہ ڈرامے میں اپنے کردار اور خود پر کی جانے والی تنقید پر بھی بات کی۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے کہا کہ درحقیقت پاکستان میں فلم انڈسٹری ہے ہی نہیں، جس کی وجہ سے وہی اداکار بڑے پردے پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ڈراموں میں بھی کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سمیت باقی تمام پاکستانی اداکار فلموں میں اپنے شوق کی خاطر کام کر رہے ہیں، ملک میں درحقیقت کوئی فلم انڈسٹری ہے ہی نہیں، اگر انڈسٹری موجود ہوتی تو ان جیسے اداکاروں کو فلموں کے بجائے ڈراموں میں کام نہیں کرنا پڑتا۔

اداکارہ نے ’بسمل‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تنقید کے بجائے تعریفیں زیادہ سننے کو مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بسمل میں ان کا کردار ایک ایسی خاتون کا ہے جو کہ ہمارے سماج میں موجود ہے اور ہر کوئی جانتا ہے کہ ایسی خواتین ہوتی ہیں، اس لیے ان کے کردار کو پسند کیا جا رہا ہے، ان کی تعریفیں کی جاتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جہاں ان کے کردار کی تعریفیں کی جا رہی ہیں، وہیں بعض لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں لیکن یہ کیریئر کا حصہ ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے میں کام کی پیش کش کے بعد انہوں نے اپنا وزن کم کرنے کا سوچا اور کچھ وقت تک وزن کم کرنے پر کام بھی کیا لیکن پھر انہوں نے وزن کم کرنے کی کوشش ترک کردی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ’بسمل‘ کی شوٹنگ سے قبل وہ زندگی کے مشکل وقت سے گزر رہی تھیں، اس لیے ان کا وزن بڑھ گیا تھا اور ان کی جسمانی ساخت بھی کچھ تبدیل ہوگئی تھی، اس لیے انہوں نے وزن کم کرنے کا سوچا لیکن پھر انہوں نے اپنا ارادہ ترک کردیا۔

حریم فاروق نے کہا کہ ان کے پاس یہ آپشن موجود تھا کہ وہ ڈرامے کی ٹیم کو دو ماہ بعد شوٹنگ شروع کرنے کا کہتیں لیکن انہوں نے ایسا بھی نہیں کیا اور زائد وزن کے ساتھ شوٹنگ کروائی۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے سوچا کہ سماج میں ہر طرح کی جسامت رکھنے والی خواتین موجود ہیں، اس لیے انہیں وزن کم کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ زائد الوزن خواتین کو بھی اسکرین پر دکھانا چاہئیے۔

ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہوتے ہی انہیں ’چنبل‘ (Psoriasis) نامی جلد کی بیماری بھی ہوگئی اور ان کے چہرے سمیت جسم کے دیگر حصوں پر سرخ داغ نمودار ہونے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران بھی ان کی گردن اور گال پر سرخ داغوں کو دیکھا جا سکتا ہے اور انہوں نے خود بھی سرخ داغوں کو نہیں چھپایا۔

حریم فاروق نے کہا کہ ممکن ہے کہ ڈرامے میں ان کے چہرے پر داغ ہر کسی کو اچھے نہ لگ رہے ہوں لیکن ان افراد کی حوصلہ افزائی ہوگی، جنہیں ’چنبل‘ کی بیماری ہے یا وہ اسی طرح کے دوسرے طبی مسائل کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ ’چنبل‘ کی بیماری بعض اوقات اتنی سنگین بھی ہوجاتی ہے کہ پورے جسم پر سرخ داغ اور دانے نکل آتے ہیں، جن سے خون بھی رسنے کے امکانات ہوتے ہیں۔

مذکورہ بیماری کو مختلف ادویات سے قابو کیا جاتا ہے اور اگر بیماری کی جلد تشخیص ہو جائے تو اس سے چھٹکارہ بھی حاصل ہے، دوسری صورت میں بیماری کئی سال تک رہ سکتی ہے۔

مذکورہ بیماری نہ صرف جلد کی بیماری ہے بلکہ یہ بیماری ’آٹو امیون ڈیزیز‘ میں شمار ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024