ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ
مسلسل دو روز سے سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد آج پھر اس کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1600 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے تک جا پہنچی۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمتیں ایک ہزار 372 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 36 ہزار 540 روپے ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 2 لاکھ 16 ہزار 828 روپے میں فروخت ہوا۔
ادھر، چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمتیں بالترتیب 3 ہزار 400 روپے اور 2 ہزار 914 روپے پر برقرار رہیں۔
ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 2 ہزار 631 ڈالر سے بڑھ کر 2 ہزار 647 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے 2 روز سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، 25 نومبر کو 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمتیں 4 ہزار 300 روپے اور 26 نومبر کو 4 ہزار 100 روپے نیچے آئی تھیں۔
23 نومبر کو بروز ہفتہ سونے کی قیمت 2 ہزار 200 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 82 ہزار 700 تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد گزشتہ ہفتے 24 قیراط سونے کے فی تولہ نرخوں میں 12 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔