• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا

شائع November 22, 2024
حملے میں مددگار پولیس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا — فوٹو: عبداللہ زہری
حملے میں مددگار پولیس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا — فوٹو: عبداللہ زہری

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بروری کے علاقے مغربی بائی پاس پر مددگار پولیس کی گاڑی پر دستی بم حملہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جب کہ مددگار پولیس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ یکم نومبر کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سول ہسپتال اور گرلز اسکول چوک پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

قبل ازیں، سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) میاں داد عمرانی نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب اور ریموٹ کنٹرول تھا، جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے10 سال کے درمیان ہیں، ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں 27 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع دکی میں فرنٹیئر کور کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح 25 ستمبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

14 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 11 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت کے مرکزی بازار میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024