• KHI: Fajr 5:33am Sunrise 6:52am
  • LHR: Fajr 5:10am Sunrise 6:35am
  • ISB: Fajr 5:18am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:33am Sunrise 6:52am
  • LHR: Fajr 5:10am Sunrise 6:35am
  • ISB: Fajr 5:18am Sunrise 6:44am

حج 2025 کو سستا کرنے میں پہلی کامیابی، کرایے میں 50 ڈالر کی کمی

شائع November 19, 2024
— فائل فوٹو: اےایف پی
— فائل فوٹو: اےایف پی

وزرات مذہبی امور حج 2025 کو سستا کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اسے پہلی کامیابی مل گئی ہے جس میں اس نے حجاج کے لیے کرائے کی مد میں 50 ڈالر کی کمی کرالی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ حجاج کرام کو اب فضائی سفر پر 50 ڈالر کم ادا کرنا ہوں گے، گزشتہ برس وزرات مذہبی امور نے ہر حاجی کا کرایہ 850 ڈالر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال وزرات مذہبی امور نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سے 800 ڈالر فی حاجی کرایہ طے کیا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے 35 ہزار عازمین کا کوٹہ پی آئی اے کو دیا ہے، سعودی ایئر لائن بھی 35 ہزار مسافروں کو حجاز مقدس لے کر روانہ ہوگی۔

اس کے علاوہ ایئر سیال کے ذریعے 3500، ایئر بلیو کے ذریعے 7 ہزار 300 جب کہ سرین ایئر کے ذریعے 7 ہزار 500 مسافر حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ سال 2025 کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے کے سلسلے میں درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستیں 3 دسمبر تک وصول کی جائیں گی۔

گزشتہ روز ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا تھا کہ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، اس کے علاوہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی جب کہ یکم تا 10 فروری تک بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہو گی۔

بیان میں کہا گیا کہ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی سیکڑوں برانچز کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی، اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج پیکج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہے، شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گی، 12 سال سے کم عمر بچے بھی سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہو گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ آئندہ سال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں، سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی لانگ پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکیج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔

وزیر مذہبی امور نے بتایا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 18 نومبر سے 3 دسمبر تک حج درخواستیں وصولی کی جائیں گی، حج قرعہ اندازی 6 دسمبر کو کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ سال 2025 کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، سرکاری و نجی حج اسکیموں کے لیے 89 ہزار 605 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی لانگ پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ حج واجبات 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط حج درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی، قرعہ اندازی کے 10 دن کے اندر اندر 4 لاکھ روپے مزید جمع کروانا لازم ہے جب کہ بقیہ رقم یکم تا 10 فروری 2025 کے درمیان جمع کرانی لازم ہو گی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024