• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی میں دفعہ 144 نافذ، 24 نومبر تک عوامی اجتماعات اور احتجاج پر پابندی

شائع November 19, 2024
— فائل فوٹو: آئی این پی
— فائل فوٹو: آئی این پی

کراچی میں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کے پیش نظر 24 نومبر تک شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت عوامی اجتماعات اور احتجاج پر پابندی ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کے تحت کراچی میں 7 روز کے لیے 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی جب کہ شہر قائد میں 18 سے 24 نومبر تک احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے تحت مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی ہے، وزارت دفاع اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیبو) کے زیرانتظام ہونے والے دفاعی نمائش کا آغاز آج سے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہوگیا ہے جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

ڈان ڈاٹ کام کو موصول ہونے والا نوٹی فکیشن 18 نومبر کو کراچی ڈویژن کمشنر آفس کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید اختر اوڈھو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات آئیڈیاز 2024 میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے لیے سیکیورٹی رسک پیدا کرسکتے ہیں۔

لہٰذا، کمشنر سید حسن نقوی نے کراچی کے تمام اضلاع میں پیر سے 7 دن تک ’کسی بھی قسم کے احتجاج، مظاہرے، دھرنوں، ریلی اور 5 سے زائد لوگوں کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں‘۔

یہ پابندی کوڈ آف کریمنل پرسسیجر کی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جو ضلعی انتظامیہ کو کسی مخصوص وقت کے لیے کسی بھی سرگرمی پر پابندی لگانے کا اختیار دیتی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی کے کسی بھی پولیس اسٹیشن کے انچارج کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے شاہراہ فیصل اور کارساز روڈ کے اطراف تمام اسکولز آج سے 4 روز تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ آئیڈیاز نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار کا آغاز کیا گیا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہو رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024