• KHI: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:41pm
  • ISB: Maghrib 5:15pm Isha 6:43pm
  • KHI: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:41pm
  • ISB: Maghrib 5:15pm Isha 6:43pm

راج کپور نے ساتھ فلم کرنے کی پیش کش کی تھی، لیلیٰ زبیری

شائع November 18, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ لیلیٰ زبیری نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ کے مقبول اداکار راج کپور نے اپنے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

لیلیٰ زبیری حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے ڈراموں میں مجبور، غریب، بے بس اور ظلم برداشت کرنے والی خواتین کے کردار ادا کیے، جنہیں لوگوں نے کافی پسند کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایک ڈرامے میں انہوں نے بھیک مانگنے والی خاتون کا کردار ادا کیا اور جب مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کوئٹہ میں ہو رہی تھی تو وہاں بھیک مانگنے والی خواتین نے انہیں حقیقی مانگنے والی خاتون سمجھا اور ڈرامے کی ٹیم سے مطالبہ کیا کہ ان کی بھی شوٹنگ کی جائے۔

اسی طرح انہوں نے ایک اور دلچسپ واقعہ بتایا کہ ماضی میں انہوں نے ایک ڈرامے میں بے بس بیوی کا کردار ادا کیا، جس میں ان کے شوہر ان پر بدترین تشدد کرتے ہیں اور مذکورہ کردار کو کافی پذیرائی ملی۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب مذکورہ ڈراما پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر چل رہا تھا، اس وقت کراچی میں ایک ٹریفک سگنل پر بھیکنے والی ایک خاتون آئیں اور انہوں نے ان سے بھیک مانگی لیکن جب فقیرنی کی ان پر نظر پڑی تو انہوں نے بھیک ہی نہیں مانگی۔

لیلیٰ زبیری کے مطابق بھیک مانگنے والی خاتون نے انہیں کہا کہ ارے یہ تو سارہ ہے، اسے کیا مانگنا، اس سے مانگنا نہیں بلکہ اسے دینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ میں کام کرنے کی پیش کش ہوچکی ہے لیکن انہوں نے وہاں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق ماضی میں شارجہ میں کرکٹ کپ ہوا تو انہیں بھی مدعو کیا گیا، اسی ایونٹ میں راج کپور بھی مدعو تھے، جہاں ان کی ملاقات ہوئی۔

لیلیٰ زبیری نے بتایا کہ کرکٹ میچ کے دوران ان کی اور راج کپور کی ملاقات کی تصاویر کھینچی گئیں تو بھارتی اداکار نے ان تصاویر پر اداکارہ کو اپنے دستخط کرنے کا کہا اور ان کے دستخط شدہ تصاویر ساتھ لے گئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں راج کپور نے بتایا کہ وہ ان کے ڈراموں کو اپنی اکیڈمی میں دکھاتے ہیں اور شاگردوں کو ان کی اداکاری سے متعلق بتاتے اور پڑھاتے ہیں اور انہیں یہ باتیں سن کر بہت خوشی اور فخر ہوا۔

لیلیٰ زبیری کے مطابق اسی دوران راج کپور نے انہیں اپنے ساتھ فلم میں کام کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ دونوں ایک ساتھ فلم میں کام کریں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ راج کپور کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی، بس انہوں نے اپنے ملک میں ہی کام کرنے کو ترجیح دی۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025