• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

پیشگی اطلاع کا مؤثر نظام موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے، اسحٰق ڈار

شائع November 13, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پیشگی اطلاع کا مؤثر نظام موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے، پاکستان محدود وسائل کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ نے آذربائیجان کے درالحکومت باکو میں 29ویں کانفرنس آف پارٹیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے گرانٹ پر مبنی کلائمیٹ فائنانسنگ فراہم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے، 2022 کے تباہ کن سیلاب میں 3 کروڑ لوگوں کا متاثر ہونا اور ملک کو پہنچنے والا 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اس ضمن میں ایک سخت یاددہانی تھی۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ اگر ہمارے پاس پیشگی اطلاع کا مؤثر سسٹم موجود ہوتا تو اس تباہی سے بچا جاسکتا تھا، آج ہمیں صرف سیلابوں کا ہی نہیں بلکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، شدید گرمی اور غیر معمولی بارشوں کا سامنا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مختلف موسمی حالات کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے لیے پیش اطلاع دینے والا سسٹم نہ صرف پاکستان بلکہ موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کے لیے ضروری ہے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہم کاربن اخراج کو نصف شرح تک لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اجلاس سے خطاب کے دوران اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں پیشگی اطلاع سسٹم کے اقدام شروع کرنے کی تعریف کی۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024