• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

درآمدی سطح پر1200 روپے فی کلو کم از کم خوردہ قیمت کے نفاذ سے چائے مہنگی ہونے کا خدشہ

شائع November 13, 2024
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کا سیلز ٹیکس کے نفاذ کے لیے چائے کی کم از کم خوردہ قیمت (ایم آر پی) 1200 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ بنیادی ضرورت کی جنس کو مزید مہنگا کردے گا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق پاکستان ٹی ایسوسی ایشن ( پی ٹی اے) کے چیئرمین محمد الطاف کا کہنا ہے کہ درآمدی سطح پر کم ازکم خوردہ قیمت کا اطلاق بدترین اثرات کا حامل ہوگا اور اس کے نتیجے میں درآمدی چائے کی کم ازکم قیمت 150 سے 300 روپے فی کلو تک بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چائے کی کم از کم خوردہ قیمت کے تعین میں عالمی قیمتوں کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے جو نصف سینٹ سے 3 ڈالر فی کلو گرام تک ہیں۔ چائے کو مختلف پیکیجنگ میں درآمد کیا جاتا ہے ، جن میں بڑے پیمانے پر شپمنٹ عموماً 5 کلو سے 80 کلو وزن کی حامل ہوتی ہے جبکہ درآمد شدہ ہونے کی وجہ سے چائے پر پہلے ہی 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے نفاذ کے لیے کم از کم خوردہ قیمت طے کرنے سے پہلے اس بات پر غور کرنا ضروری ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 2 (16) میں ’مینوفیکچرر‘ کی تعریف میں بلینڈنگ، مکسنگ، پروسیسنگ اور پیکیجنگ جیسی سرگرمیاں شامل ہیں، جیسا کہ 17 جولائی 2019 کے سرکلر نمبر 3 (11) ایس ٹی-ایل اینڈ پی /2013-94433-آر میں واضح کیا گیا ہے، ان عوامل کی بنیاد پر درآمدی چائے ’خام مال‘ کے زمرے میں آتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ’ عدالتی توجیہات ( مثلاً سی ٹی او وی۔ راجستھان ٹیکسچم لمیٹڈ، 2007) اور جدید قانونی لغات میں مینوفیکچرنگ کے لیے ضروری اجزا کو خام مال تصور کیا جاتا ہے، بلینڈنگ اور پیکیجنگ میں استعمال ہونے والی چائے واضح طور پر اس درجے میں شمار ہوتی ہے’۔ محمد الطاف نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس قانون 1990 کے سیکشن 2 کے سب سیکشن 46(ایف) کے مطابق سیلز ٹیکس کم از کم خوردہ قیمت کے بجائے درآمدی مالیت پر مبنی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کمپنی، فروخت کے طریقہ کار ( کھلی یا ڈبہ پیک)، پروڈکٹ کے معیار اور علاقائی تقسیم جیسے مختلف عوامل کی بنیاد پر چائے کی خوردہ قیمتیں مختلف ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ فی کلو یکساں کم از کم خوردہ قیمت زیادہ تر تاجروں، تیار کنندگان اور فروخت کنندگان کی جانب سے وصول کی جانے والی قیمتوں سے بھی مطابقت نہیں رکھتی ۔

انہوں نے کہا کہ فی کلو یکساں کم ازکم قیمت کا نفاذ چائے کی تجارت کے وسیع حصے کے لیے سنگین منفی اثرات کی وجہ بنے گا، جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں ماند پڑسکتی ہیں اور کئی استثنات کے غلط استعمال کے نتیجے میں قومی خزانے کی آمدن میں نقصان ہوسکتا ہے۔ دو تہائی پاکستانی سماجی و اقتصادی اور علاقائی تغیرات کی بنیاد پر700 سے 950 روپے فی کلو مالیت کی چائے خریدتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی سطح پر کم ازکم خوردہ قیمت کا نفاذ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ فروخت کے لیے تیار ہونے سے قبل چائے ویلیو ایڈیشن کے مراحل سے گزرتی ہے، کم از کم خوردہ قیمت سپلائی چین کو متاثر کرے گی اور چائے کے کاروبار میں اہم کردار ادا کرنے والے تھوک فروشوں اور تقسیم کنندگان کے کردار کو محدود کردے گی جبکہ درآمدی سطح پر کم از کم درآمدی قیمت کا اطلاق کمرشل درآمد کے بنیادی حقوق بھی پامال کرے گا۔

محمد الطاف نے کہاکہ چائے محض مشروب نہیں ہماری روز مرہ کی خوراک اور بنیادی غذائی جنس ہے، دیہی اور شہری علاقوں کی اکثر عوام اپنی آمدن کے حساب سے چائے پیتی ہے، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کم ازکم خوردہ قیمت کو مزید مختص کرنے سے شرپسند عناصر کو صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب ملے گی اور اس طرح غیر قانونی ذرائع سے سستی چائے کی درآمد ممکن ہوجائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024