• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

حکومت نے ’مہنگی‘ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹیکس چھوٹ کی تجویز پیش کردی

شائع November 12, 2024
این ای وی پالیسی کا ایک اہم پہلو ماحولیاتی تحفظ پر توجہ مرکوز کرنا ہے — فوٹو: ڈان
این ای وی پالیسی کا ایک اہم پہلو ماحولیاتی تحفظ پر توجہ مرکوز کرنا ہے — فوٹو: ڈان

حکومت نے نئی الیکٹرک گاڑیوں (این ای وی) پالیسی 30-2025 کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے ملک کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب لانا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیر کو وزارت صنعت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں آٹو میکرز نے شرکت کی، اجلاس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ اس پالیسی میں مقامی این ای وی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے، فوسل فیول کی درآمدات پر انحصار کم کرنے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اجلاس میں این ای وی کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے مراعات بشمول ٹیکس چھوٹ، این ای وی کے پارٹس پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے لیے گرین فنانسنگ آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تاہم انڈسٹری ذرائع نے کہا ہے کہ آٹومیکرز نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ این ای وی پالیسی کے تحت فراہم کی جانے والی مراعات سے صرف 10 سے 20 فیصد آٹو صارفین کو فائدہ ہوگا کیونکہ این ای وی کی لاگت انٹرنل کمبشن انجن (آئی سی ای) اور ہائبرڈ گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے تحت انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کی جانب سے تیار کردہ یہ پالیسی پائیدار، کم اخراج والی گاڑیوں اور ملک بھر میں گرین ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے۔

پالیسی کے مسودے میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی گئی ہے، کیونکہ پاکستان کا ٹرانسپورٹ کا شعبہ اس وقت ملک کی گرین ہاؤس گیسز کی پیداوار میں تقریبا 30 فیصد حصہ ڈالتا ہے جب کہ 2060 تک اس کو صفر کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا۔

پالیسی میں تجویز دی گئی ہے کہ این ای وی کو اپنانے میں تیزی لانے کے لیے پورے پاکستان میں گاڑیوں کی چارجنگ کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

عوامی مقامات اور اہم شاہراہوں پر چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے جس کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے 10 فیصد مقامات پر لیول 3 چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے ہوں گے۔

نجی کمپنیوں کو انکم ٹیکس میں چھوٹ، سبسڈی والی بجلی کے نرخ اور چارجنگ اسٹیشن لگانے کے لیے 10 سال کی لیز پر زمین کی قیمتوں میں کمی ملے گی۔

این ای وی پالیسی کا ایک اہم پہلو ماحولیاتی تحفظ پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

این ای وی پالیسی 30-2025 کے مسودے میں متعلقہ مینوفیکچرنگ اور متعلقہ صنعتوں کے لیے متعدد اہداف اور معاون اقدامات شامل ہیں۔

پالیسی کے تحت حاصل ہونے والے مالی فوائد میں 2027 تک این ای وی پارٹس پر کسٹم ڈیوٹی ایک فیصد اور این ای وی کی مکمل درآمدات پر 10 فیصد تک کمی کے علاوہ مقامی طور پر تیار کردہ پارٹس کے لیے سیلز ٹیکس میں چھوٹ شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024