• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

افغانستان نے بنگلہ دیش کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی

شائع November 12, 2024
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو

افغانستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں رحمٰن اللہ گرباز کی سینچری اور عظمت اللہ عمر زئی کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کے قائم مقام کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

بنگلہ دیشی اوپنرز تنزید حسن اور سومیا سرکار نے ٹیم کو مثبت آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت داری قائم کی، آٹھویں اوور کی تیسری گیند پر بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سومیا سرکار فاسٹ باؤلر عظمت اللہ عمر زئی کا شکار بنے، وہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد 53 کے مجموعی اسکور پر ہی اوپنر تنزید حسن 19 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

72 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان مہدی حسن میراز اور محمود اللہ نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو 217 رنز تک پہنچایا، دونوں نے 5 ویں وکٹ پر 145 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

کپتان مہدی حسن میراز 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمود اللہ سینچری اسکور کرنے سے 2 رنز کی دوری پر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 7 چوکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 98 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز اسکور کیے افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

245 رنز کے ہدف کے جواب میں افغانستان ٹیم کے اوپنرز نے 41 رنز کی شراکت داری قائم کی، صدیق اللہ اٹل 14 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر ناہید رانا کی گیند پر کلیند بولڈ ہوئے، ان کے آؤٹ ہونے کے افغان ٹیم کی مزید دو وکٹیں جلد ہی گر گئ اور یوں 14 اوورز کے اختتام پر افغانستان کے 84 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ تھے۔

تاہم ایک اینڈ سے رحمٰن اللہ گرباز نے اننگز کو سنبھالے رکھا اور ان کے ساتھ بیٹنگ کے لیے آنے والے عظمت اللہ عمر زئی نے بھی برق رفتار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے لیے ہدف کو آسان بنا دیا۔

اوپنر رحمن اللہ گرباز نے شاندار سینچری اسکور کی، ان کی 101 رنز کی اننگز میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، عظمت اللہ عمر زئی نے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 70 رنز اسکور کیے۔

دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے 48.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی۔

بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عظمت اللہ عمر زئی میچ کے بہترین جبکہ سیریز میں شاندار کارکردگی پر آل راؤنڈر محمد نبی کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024