عامر اور سلمان خان جیسے اداکاروں کی وجہ سے میرا کیریئر ختم ہوا، چنکی پانڈے
بولی وڈ کے ماضی کے مقبول اداکار چنکی پانڈے نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ عامر اور سلمان خان سمیت گووندا اور اجے دیوگن جیسے اداکاروں کی وجہ سے ان کا کیریئر آگے نہیں بڑھ سکا۔
چنکی پانڈے نے حال ہی میں شوبز نشریاتی ادارے ’اسکرین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا فلمی کیریئر 1987 میں شروع ہوا اور ابتدائی طور پر انہیں کافی شہرت بھی ملی لیکن ان کی کامیابی کا سفر جلد ہی اختتام پذیر ہوگیا۔
ان کے مطابق ان کے کیریئر میں 1988 کا سال بہت شاندار رہا، انہوں نے اسی سال شوبز میں اپنا ہنی مون منایا، جس کے بعد ان کا کیریئر آہستہ آہستہ ختم ہوتا چلا گیا۔
چنکی پانڈے نے بتایا کہ ان کے آنے سے ایک سال قبل 1986 میں گووندا نے شوبز میں انٹری دی، ان کے آنے کے ایک سال بعد 1988 میں عامر خان بھی شوبز میں آگئے۔
انہوں نے کہا کہ 1989 میں سلمان خان جب کہ 1990 میں اجے دیوگن بھی شوبز میں آگئے اور تمام اداکار ٹیلنٹڈ تھے جو مسلسل آگے بڑھتے رہے۔
چنکی پانڈے کے مطابق مذکورہ تمام اداکاروں کے آنے کے بعد ان کا کیریئر دھندلاتا گیا اور آہستہ آہستہ ان کا کیریئر تھم سا گیا، باقی سب ہیروز نے اپنی پہچان بنا لی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ کیریئر شروع کرنے والے تمام اداکاروں نے اپنی خاص مہارت حاصل کرلی تھی، کوئی رومانوی ہیرو بن چکا تھا تو کسی نے ایکشن پکڑ لیا تھا اور کوئی کامیڈی میں آگے بڑھ رہا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپنے کیریئر کے دھندلا جانے یا ختم ہونے پر وہ کسی دوسرے کو ذمہ دار نہیں سمجھتے، یہ سب ان کی اپنی غلطی تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ شوبز کیریئر شروع کرنے میں انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، انہیں متعدد بار مسترد بھی کیا گیا تھا لیکن جب ان کا کیریئر شروع ہوا تو وہ صرف ایک سال ہی چلا، پھر ان کا کیریئر دھندلاتا چلا گیا۔