• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

عمران خان کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس، جیل سپرنٹنڈنٹ کل 10 بجے طلب

شائع November 7, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو کل 10 بجے طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پہلے اسی عدالت سے آرڈر ہو چکے ہیں، جیل رولز کے مطابق عدالت نے آرڈر جاری کیے تھے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے استفسار کیا کہ اب کیا صورتحال ہے، فیصل چوہدری نے کہا کہ پارٹی کے سیاسی رہنماؤں سے میٹنگ پھر منسوخ کردی گئی ہے، ہم بار بار اس عدالت کو تکلیف دیتے ہیں لیکن مجبوراََ ہمیں یہاں آنا پڑتا ہے۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اسی عدالت نے تین وکلا پر مشتمل کمیشن بھی قائم کیا تھا لیکن عمل درآمد نہیں ہو رہا، شبلی فراز، عمر ایوب، اسد قیصر کو نہیں ملنے دیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اب کسی کیس میں سزا یافتہ تو نہیں جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ نہیں، درخواست گزار کسی کیس میں اب سزا یافتہ نہیں، انڈر ٹرائل قیدی ہے۔

عدالت نے ریاستی وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے بار بار ایسا ہوتا ہے، ہمارے آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو ہم نے لکھا تھا اسٹیٹ پر جرمانہ عائد ہوگا۔

ریاستی وکیل نے کہا کہ ہم جیل حکام سے پوچھ لیتے ہیں جو بھی صورتحال ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ کیوں ملاقات نہیں کروائی جاتی۔

عدالت نے ریاستی وکیل کو ہدایت دی کہ آپ اس درخواست کو دیکھیں، کل جیل سپرنٹنڈنٹ کو کہیں پیش ہوں۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024